سورۃ التکویر مع اردو ترجمہ۔ سورہ تکویر مکی سورہ ہے جو کہ ۲۹ آیات پر مشتمل ہے۔ ترجمہ: مولانا فتح محمد جالندھری
بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے
اِذَا الشَّمۡسُ کُوِّرَتۡ ۪ۙ﴿۱﴾
جب سورج لپیٹ لیا جائے گا۔
وَ اِذَا النُّجُوۡمُ انۡکَدَرَتۡ ۪ۙ﴿۲﴾
اور جب تارے بے نور ہو جائیں گے۔
وَ اِذَا الۡجِبَالُ سُیِّرَتۡ ۪ۙ﴿۳﴾
اور جب پہاڑ چلائے جائیں گے۔
وَ اِذَا الۡعِشَارُ عُطِّلَتۡ ۪ۙ﴿۴﴾
اور جب بیانے والی اونٹنیاں یونہی چھوڑ دی جائیں گی۔
وَ اِذَا الۡوُحُوۡشُ حُشِرَتۡ ۪ۙ﴿۵﴾
اور جب وحشی جانور جمع کئے جائیں گے۔
وَ اِذَا الۡبِحَارُ سُجِّرَتۡ ۪ۙ﴿۶﴾
اور جب سمندر آگ ہو جائیں گے۔
وَ اِذَا النُّفُوۡسُ زُوِّجَتۡ ۪ۙ﴿۷﴾
اور جب روحیں جسموں سے ملا دی جائیں گی۔
وَ اِذَا الۡمَوۡءٗدَۃُ سُئِلَتۡ ۪ۙ﴿۸﴾
اور جب اس بچی سے جو زندہ دفنا دی گئ ہو پوچھا جائے گا۔
بِاَیِّ ذَنۡۢبٍ قُتِلَتۡ ۚ﴿۹﴾
کہ وہ کس گناہ کے سبب قتل کر دی گئ۔
وَ اِذَا الصُّحُفُ نُشِرَتۡ ﴿۪ۙ۱۰﴾
اور جب اعمال کے دفتر کھولے جائیں گے۔
وَ اِذَا السَّمَآءُ کُشِطَتۡ ﴿۪ۙ۱۱﴾
اور جب آسمان کی کھال کھینچ لی جائے گی۔
وَ اِذَا الۡجَحِیۡمُ سُعِّرَتۡ ﴿۪ۙ۱۲﴾
اور جب دوزخ کی آگ بھڑکائی جائے گی۔
وَ اِذَا الۡجَنَّۃُ اُزۡلِفَتۡ ﴿۪ۙ۱۳﴾
اور جب بہشت قریب لائی جائے گی۔
عَلِمَتۡ نَفۡسٌ مَّاۤ اَحۡضَرَتۡ ﴿ؕ۱۴﴾
تب ہر شخص معلوم کر لے گا کہ وہ کیا لے کر آیا ہے۔
فَلَاۤ اُقۡسِمُ بِالۡخُنَّسِ ﴿ۙ۱۵﴾
پس میں ان ستاروں کی قسم کھاتا ہوں جو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
الۡجَوَارِ الۡکُنَّسِ ﴿ۙ۱۶﴾
اور جو سیر کرتے اور غائب ہو جاتے ہیں۔
وَ الَّیۡلِ اِذَا عَسۡعَسَ ﴿ۙ۱۷﴾
اور رات کی قسم جب وہ پھیلنے لگتی ہے۔
وَ الصُّبۡحِ اِذَا تَنَفَّسَ ﴿ۙ۱۸﴾
اور صبح کی قسم جب وہ نمودار ہوتی ہے۔
اِنَّہٗ لَقَوۡلُ رَسُوۡلٍ کَرِیۡمٍ ﴿ۙ۱۹﴾
کہ بیشک یہ قرآن اس فرشتہ عالی مقام کا سنایا ہوا پیغام ہے۔
ذِیۡ قُوَّۃٍ عِنۡدَ ذِی الۡعَرۡشِ مَکِیۡنٍ ﴿ۙ۲۰﴾
جو صاحب قوت ہے مالک عرش کے ہاں اونچے درجے والا ہے۔
مُّطَاعٍ ثَمَّ اَمِیۡنٍ ﴿ؕ۲۱﴾
سردار ہے ساتھ ہی امانتدار ہے۔
وَ مَا صَاحِبُکُمۡ بِمَجۡنُوۡنٍ ﴿ۚ۲۲﴾
اور مکے والو تمہارے رفیق یعنی ہمارے پیغمبر ﷺ دیوانے نہیں ہیں۔
وَ لَقَدۡ رَاٰہُ بِالۡاُفُقِ الۡمُبِیۡنِ ﴿ۚ۲۳﴾
اور بیشک انہوں نے اس فرشتے کو آسمان کے کھلے کنارے پر دیکھا ہے۔
وَ مَا ہُوَ عَلَی الۡغَیۡبِ بِضَنِیۡنٍ ﴿ۚ۲۴﴾
اور وہ غیب کی باتوں کے ظاہر کرنے میں بخیل نہیں۔
وَ مَا ہُوَ بِقَوۡلِ شَیۡطٰنٍ رَّجِیۡمٍ ﴿ۙ۲۵﴾
اور یہ کسی شیطان مردود کا کلام نہیں ہے۔
فَاَیۡنَ تَذۡہَبُوۡنَ ﴿ؕ۲۶﴾
پھر تم لوگ کدھر جا رہے ہو؟
اِنۡ ہُوَ اِلَّا ذِکۡرٌ لِّلۡعٰلَمِیۡنَ ﴿ۙ۲۷﴾
یہ قرآن تو تمام جہان کے لئے نصیحت ہے۔
لِمَنۡ شَآءَ مِنۡکُمۡ اَنۡ یَّسۡتَقِیۡمَ ﴿ؕ۲۸﴾
یعنی اس کے لئے جو تم میں سے سیدھی راہ چلنا چاہے۔
وَ مَا تَشَآءُوۡنَ اِلَّاۤ اَنۡ یَّشَآءَ اللّٰہُ رَبُّ الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿٪۲۹﴾٪۱
اور تم لوگ کچھ بھی نہیں چاہ سکتے مگر وہی جو اللہ رب العالمین چاہے۔